آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھودینے پر سوگوار ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایرانی صدر کی حادثے میں وفات پر صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھودینے پر سوگوار ہے۔
صدرآصف زرداری نے ایرانی صدر کی حادثے میں وفات پر صدمےاور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے سوگواران سے تعزیت کی اور ابراہیم رئیسی کی خدمات کوخراج عقیدت پیش کیا۔
آصف زرداری نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے، عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہوگیا، ایرانی صدرفلسطینی اورکشمیری عوام سمیت مسلمانوں کا درد رکھتے تھے، آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھودینے پر سوگوار ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ گزشتہ ماہ ہمیں ابراہیم رئیسی کی پاکستان میں میزبانی کااعزازحاصل ہوا، صدرابراہیم رئیسی کودوطرفہ تعلقات مضبوط بنانےکیلئے پرعزم پایا، وہ ہمیشہ پاکستان اوراس کےعوام کوخاص مقام دیتے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ابراہیم رئیسی کی خدمات کو ایران، پاکستان، عالم اسلام میں یاد رکھا جائے گا، اللہ تعالیٰ ابراہیم رئیسی کی روح کو سکون عطافرمائے، اللہ تعالیٰ ابراہیم رئیسی کے اہل خانہ، ایرانی عوام کو صبرواستقامت عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ ایرانی صدرکے معاون نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ کی موت کی تصدیق کردی۔ ایرانی صدرابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی تقریباً 14 گھنٹے بعد ریسکیو ٹیموں کو ایرانی صدرکے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا۔
ایرانی صدرکے معاون نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ سمیت سوار تمام افراد کی موت کی تصدیق کردی۔ ہیلی کاپٹر میں ایرانی وزیر خارجہ امیرعبد الہیان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی اور صوبے میں ایرانی صدرکے نمائندے آیت اللہ محمد علی بھی سوار تھے۔