دنیا بھر کے عالمی رہنماؤں نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جب کہ ایرانی صدر کی المناک موت پر گہرے غم اور صدمے میں ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نریند مودی نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی المناک موت سے گہرے غم اور صدمے میں ہیں۔
قطر کے امیر تمیم بن حماد کا کہنا تھا کہ وہ اس دُکھ کی گھڑی میں ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے ابراہیم رئیسی اور دیگر کے لیے دعائے مغفرت کی اور کہا کہ اس مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السوڈانی نے بھی ایرانی عوام سےرنج و غم کا اظہار کیا۔ حماس نے ایرانی صدر کی فلسطین کاز کیلئے کاوشوں کو سراہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے افسوسناک حادثے پر کہا کہ بدقسمتی سے ایرانی صدر چل بسے، پوری قوم کی جانب سے ایران سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیر اعظم کی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے بلند درجات کی دعا کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ماہ ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کی میزبانی کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کی میزبانی قابل مسرت تھی، ابراہیم رئیسی پاکستان کے اچھے دوست تھے۔ شہباز شریف نے ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر کی شہادت پر پاکستان میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی ایرانی صدر ودیگر ساتھیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر صدمہ ہوا، ایرانی حکومت اور عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں،۔
انکا کہنا تھا کہ ایرانی صدر پاکستان کے بہترین دوست تھے، ایرانی صدر سے دورہ پاکستان کے دوران ملاقات یادگار رہی، پاک ایران تعلقات پر ابراہیم رئیسی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔