ملک کے بیشتر حصوں میں سورج کی تپش آج بھی برقرار ہے۔ اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب کے کئی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ صورتحال رواں ہفتے اسی طرح برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ گرمی موہنجو داڑو، جیکب آباد اور دادو میں پڑی، جہاں درجہ حرارت 49 ڈگری پر رُکا ہوا ہے۔ سبی، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، روہڑی، خیرپور، سکھر، پڈعیدن اور نورپور تھل میں بھی گرم ہوائیں چل رہی ہیں ۔ پارہ اڑتالیس ڈگری پر برقرار ہے ۔
مٹھی، چھور، بہاولنگر، بھکر، کوٹ ادو اور رحیم یارخان میں 47 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا ۔ بڑے شہروں کی بات کریں تو آج لاہور میں پارہ 44 سے 46، پشاور میں 44 ۔ کراچی میں 39 ، بہاولپور میں 48 اور ملتان میں 47 ڈگری سنٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
مون سون کا آغاز کب ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی
قومی ادارہ صحت نے خبردار کر دیا
قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر کے باعث ہیٹ اسٹروک سے بیماریوں اور اموات میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق پاکستان کو گلوبل وارمنگ کے باعث شدید موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے ۔ ہر سال گرمی کی لہر کے خطرات اور اثرات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
عوام پینے کا صاف پانی زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ ڈی ہائیڈریشن سے بچا جاسکے ۔ سورج کی تپش سے بچنے کیلئے غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے بھی گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
شدید گرمی کے دوران بدترین لوڈشیڈنگ
ایک طرف سورج آگ برسا رہا ہے تو دوسری طرف لوڈشیڈنگ کراچی والوں کا خون جلا رہی ہے ۔ لیاقت آباد میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہری سڑکوں پر آگئے ۔ سہراب گوٹھ جانے والی سڑک بلاک کر دی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا شدید گرمی میں 16 سے 18 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے ۔ زیادہ بل بھرنے کے باوجود لائٹ نہیں آتی۔