امید ہے سپریم کورٹ ہماری 78 نشستیں واپس دلائے گی
اسلام آباد: امید ہے کہ سپریم کورٹ آئین کی روح کے مطابق چلے گی ، یہ 78 نشستیں سنی اتحاد کونسل کا حق ہیں
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ سپریم کورٹ ہمیں ہماری 78 نشستیں واپس دلائے گی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں ہماری مخصوص نشستیں دی جائیں، یہ 78 نشستیں سنی اتحاد کونسل کا حق ہیں، امید ہے حق ملے گا، امید ہے کہ سپریم کورٹ آئین کی روح کے مطابق چلے گی۔
اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی عامر ڈوگر نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے نظریے پر لوگوں نے ہمیں ووٹ دیے۔
کنول شوذب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی غلطیوں کو آج عدالت میں اجاگر کیا گیا، آج کی سماعت سے ہمیں کافی حوصلہ ملا ہے، پی ٹی آئی نے بطور سیاسی جماعت تمام قانونی تقاضے پورے کیے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ سوائے الیکشن کمیشن پنجاب کے تمام صوبوں نے ہماری مخصوص نشستوں کی فہرست لی، الیکشن کمیشن پنجاب بلے کا نشان لینے کے فیصلہ کا انتظار کرتا رہا، ہم نے کدو، بیگن، ہری مرچ جیسے نشانوں پر الیکشن لڑا ہے۔
فیصل جاوید نے کہا کہ پہلے فارم 47 درمیان میں آیا، پھر مخصوص نشستیں نہیں دی گئیں، پہلے امیدوار ووٹرز کو ڈھونڈتے تھے، اس بار ووٹرز امیدوار کو ڈھونڈتے رہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ یہ جو مرضی کرلیں الیکشن میں قوم نکلے گی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی پی ایس ایل کی بھی نشستیں خالی دیکھیں تو ان کے منہ میں پانی آ جاتا ہے۔