صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ( ن ) سے حکومت نہیں چل رہی، ہم حکومت بنانا بھی جانتے ہیں اور گرانا بھی جانتے ہیں۔
بدھ کو لاہور میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان ، سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف ، حسن مرتضیٰ اور شہزاد چیمہ سمیت پنجاب کے ارکان اسمبلی شریک ہوئے۔
اجلاس میں پنجاب کے رہنماؤں سمیت لاہورکی قیادت بھی شریک ہوئی اور صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پنجاب کابینہ میں پیپلز پارٹی کی شمولیت سمیت دیگر معاملات پر مشاورت بھی کی گئی۔
اندرونی کہانی
اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق صدر مملکت کا پارٹی رہنماؤں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کون کیا کر رہا ہے میں سب جانتا ہوں اور 10سال دیکھتا رہا ہوں کہ دیگر پارٹیاں کیا کر رہی ہیں، اب خود میدان میں آگیا ہوں ، اسلام آباد ہوں یا لاہور سب سے کام کراؤں گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے مقابلے کی نہیں، میری جماعت پر تنقید ہوتی ہے جسے میں ثواب سمجھتا ہوں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پنجاب کی قیادت ایک دوسرے کو نکالنے میں لگی ہے ، مل کر کیوں نہیں بیٹھتے ؟۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضے لے کر کیوں عوام کا امتحان لیا جا رہا ہے، آپ آئی ایم ایف سے بات کیوں نہیں کرتے ، کمرے میں بٹھائیں اور ٹیبل ٹاک کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سابق وزیراعظم جو میں میں کرتاتھا آج جیل میں بیٹھا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم اپنی عوام کوتنہا نہیں چھوڑیں گے، آپ سب تیار ہو جائیں ہم نے بہت کام کرنا ہے، پنجاب قیادت کیوں نوجوانوں کو موقع نہیں دے رہی، ہم نوجوانوں کو آگے لائیں گے، میں نے ہمیشہ سیاست سکھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ملک کی خاطر پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ پیپلز پارٹی کا ہے، یہی جماعت غریب عوام کو روزگار دیتی ہے، ہمارا ملک مشکل میں ہے ، اسے سب نے مل کر بچانا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائنگ روم کی سیاست نہیں کرنی ، باہر نکلنا ہے۔
شہید بینظیر بھٹو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وہ ڈری نہیں بلکہ وقت کے فرعونوں کے آگے ڈٹی رہی اور عوام کی خاطر باہر نکلی اور عوام کی جنگ لڑتے لڑتے محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کردیا گیا۔
صدر مملکت نے پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے کہا تنظیم سازی کی رپورٹ مکمل کرکے فوری دیں ۔