آذربائیجان کے صدر الہام علیوف 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقات میں دونوں ممالک میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔
دورے کے دوران کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے، آذربائیجان کے صدر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعاون اور قیادت کی سطح پر بات چیت کی عکاسی کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کی پریس ریلیز کے مطابق دونوں ممالک کے حکومتی سربراہان دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔ اس دورے کے دوران کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کی امید ہے۔
دوسری جانب وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے بدھ کو کہا ہے کہ آذربائیجان پاکستان میں 2 سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان تیل اور گیس سمیت معدنیات کے شعبے میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ آذربائیجان تیل اور گیس کی تلاش کے شعبے پر توجہ دے رہا ہے اور ایل این جی کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
انوہں نے کہا کہ وزیراعظم دوست ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کے خواہشمند ہیں اور حکومت دوست ممالک سے امداد پر سرمایہ کاری کو ترجیح دیتی ہے۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے دورہ پاکستان سے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی بہت زیادہ توقع کی جا رہی ہے۔
مصدق ملک کے مطابق بات چیت میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اضافہ اور دونوں ممالک کے درمیان آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دینا شامل ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔