ایران نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل پر حملے کی تیاری مکمل کرلی ہے
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے توقع ظاہر کی ہے کہ اگر غزہ میں جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا تو ایران، اسرائیل پر حملے سے پیچھے ہٹ سکتا ہے۔
امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے امن معاہدے تک پہنچنے کا عمل پیچیدہ ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ روز اس امید کا اظہار کیا تھا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے مذاکرات رواں ہفتے دوبارہ شروع ہوں گے۔
ادھر قطر نے کہا ہے کہ وہ بھی حماس کو غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات میں شریک ہونے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایک ایرانی سینیئر عہدیدار نے بھی عالمی میڈیا کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اگر اسرائیل رواں ہفتے ہونے والے امن مذاکرات میں غزہ جنگ بندی پر راضی ہوگیا تو ایران انتقامی کارروائی روک سکتا ہے۔