فیض حمید کے کورٹ مارشل کے سلسلے میں مزید 3 ریٹائرڈ افسران فوجی حراست میں
راولپنڈی: لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے کورٹ مارشل کے سلسلے میں 3 ریٹائرڈ افسران کو بھی تحویل میں لیا گیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ان افسران نے فوجی نظم و ضبط کے خلاف کام کیے، گرفتار افسران میں دو سابق اعلیٰ افسران بریگیڈئیر (ر) غفار اور بریگیڈئیر (ر) نعیم اور ایک سابق کرنل شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شامل تینوں افسران پیغام رسانی کا کام کرتے تھے، تینوں افسران سیاسی جماعت اور لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کے درمیان رابطہ کاری میں شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ریٹائرڈ بریگیڈیئرز کا تعلق چکوال سے ہے اور یہ جنرل فیض کے خاص اور منظور نظر افسران تھے جو ریٹائرمنٹ کے بعد سیاسی پیغام رسانی اور سہولت کاری میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ ان ریٹائرڈ افسران اور ان کے ساتھیوں نےسیاسی مفادات رکھنے والے افراد کے ساتھ ملی بھگت کرکے عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کیں۔
ذرائع کے مطابق معاملے پر اب تک ریٹائرڈ فوجی افسران سمیت 8 افراد حراست میں لیے گئے ہیں۔