پنڈی ٹیسٹ میں بنگلادیشی ٹیم نے پاکستان کو چاروں شانے چیت کردیا
پنڈی ٹیسٹ میں بنگلادیشی بلے بازوں نے چوتھے دن بھی پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی
راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلادیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 565 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، اسے پاکستان پر 117 رنز کی بھاری برتری حاصل ہے۔
بنگلادیش نے پنڈی ٹیسٹ کے چوتھے دن بھی پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور گزشتہ روز کے ٹوٹل میں مزید 249 رنز جوڑ دیے۔
پنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلادیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 316 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو مشفیق الرحیم 55 اور لٹن داس 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر تھے۔
لٹن داس اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 4 رنز کے اضافے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے جبکہ مشفیق الرحیم نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 11 ہویں سنچری مکمل کی۔
مشفق الرحیم کا ساتھ دینے کےلیے مہدی حسن میراز آئے اور دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ پر 196 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے پاکستان کی ناصرف سبقت کو ختم کیا بلکہ اپنی ٹیم کےلیے برتری بھی حاصل کرلی۔
مشفق الرحیم 193 رنز بنا کر محمد علی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ 77 رنز بنانے والے مہدی حسن کو شاہین آفریدی نے چلتا کیا۔
اختتامی بلے بازوں میں سے شورف السلام نے 22 رنز بنا کر ٹیم کو 565 کے ٹوٹل تک پہنچا دیا۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی، خرم شہزاد اور محمد علی نے دو دو جبکہ صائم ایوب نے ایک وکٹ لی۔