سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ (ن) نوازشریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن ہی عوام کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلائے گی۔ معیشت کی مضبوطی کیلئے جو کچھ کرنا پڑا وہ ضرور کریں گے۔
لاہور میں پارٹی اجلاس سے خطاب میں مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سےعوام کو مہنگی بجلی اور مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا، مسلم لیگ ن ہی عوام کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلائے گی۔ اجلاس میں وزیر اعظم شہبازشریف نے نئی حکومتی معاشی پالیسی بارے شرکا کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
نوازشریف نے کہا کہ ن لیگ ملک کی واحد جماعت ہے جو مشکل ترین حالات میں عوام کو ریلیف دینا جانتی ہے، معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا اولین ترجیح ہے، بجلی کے بلوں، معیشت کی مضبوطی کیلئے جو کچھ کرنا پڑا وہ ضرور کریں گے۔ گھریلو صارفین کو ریلیف دے چکے اب صنعتی صارفین کےلیے ریلیف کے ذرائع تلاش کررہے ہیں۔
دوسری جانب سینئروزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے صوبے میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف کی تفصیلات جاری کردیں، مریم اورنگزیب نے کہا کہ 201 سے500 یونٹ تک بجلی صارفین کوبلوں میں14 روپے فی یونٹ کمی کا ریلیف پہنچنا شروع ہوگیا۔ لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی 5 بجلی کمپنیوں کے 35 لاکھ 16ہزار877 صارفین کو ریلیف دیاگیا۔
سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نےایک سے 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو50ارب روپےکاریلیف دیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے مشکل معاشی حالات میں بھی عوام کو ریلیف دینے کا ناممکن کام ممکن کر دکھایاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانا مریم نواز کا مشن ہے، شمسی توانائی کے ذریعے عوام کو مستقل ریلیف دینے کا اگلا مرحلہ جلد شروع کریں گے، صفر سے 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو مفت سولر سسٹم فراہم کریں گے جبکہ 201 سے سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو بلاسود سولر سسٹم آسان اقساط پر ملے گا۔