بلوچستان کے شہر پنجگور میں پولیس گشت پر مسلح افراد کے حملے میں سب انسپکٹر شہید ہوگیا۔
حکام کے مطابق اتوار کی شب پنجگور کے علاقے چیتکان بازار میں مسلح افراد نے اچانک پولیس گشت پر فائرنگ کردی۔ واقعے میں ایک پولیس اہل کار شہید ہوگیا، جس کی شناخت سب انسپکٹر شکیل احمد کے نام سے ہوئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شہید اہل کار کی لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ متعلقہ اداروں نے حملے کے مقام سے شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید کے لیے دعائےمغفرت اورلواحقین کے لیے صبرواستقامت کی دعا کی، وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالوں کےساتھ کھڑی ہے، دہشتگردی کےمکمل سدباب تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پنجگور میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہید سب انسپکٹر شکیل احمد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ سےدلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سب انسپکٹر شکیل احمدنے فرائض کی بجاآوری کے دوران شہادت کا مرتبہ پایا۔