بیروت: پیجردھماکے مواصلاتی نظام کے خلاف اسرائیلی کارروائی ہے ، دشمن کو سزا ضرور دی جائے گی
پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں کے بعد حزب اللّٰہ نے بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیل کو دھماکوں کا ذمہ دار قرار دے دیا۔
حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ دھماکوں سے متعلق تمام حقائق اور معلومات کی جانچ کے بعد اسرائیل کو مکمل ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔
تنظیم نے کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنانے والی اس مجرمانہ جارحیت کا مکمل ذمہ دار دشمن اسرائیل ہے۔ فلسطینیوں کی مزاحمت کی حمایت جاری رکھیں گے۔
لبنانی تنظیم کا کہنا تھا کہ غدار اور مجرم دشمن کو اس جارحانہ فعل کی سزا ضرور دی جائے گی۔
علاوہ ازیں بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ پیجر دھماکوں میں محفوظ رہے ہیں۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ایک حزب اللّٰہ عہدیدار کا کہنا تھا کہ دھماکے گروپ کے مواصلاتی نظام کے خلاف اسرائیلی کارروائی ہے۔
حزب اللّٰہ عہدیدار نے کہا کہ تنظیم کے ارکان کے استعمال میں نئے ماڈل کے پیجر پہلے گرم ہوئے پھر پھٹ گئے۔
واضح رہے کہ لبنان میں حزب اللہ ارکان کے زیر استعمال پیجر ڈیوائسز دھماکوں سے پھٹ گئیں جن میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔