تل ابیب : گزشتہ رات ایران کی جانب سے کیے جانیوالے میزائل حملوں نے اسرائیلی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز اسرائیل پر ایران کے میزائل حملوں کے دوران اپنے ہوائی اڈوں پر میزائل گرنے کی تصدیق کردی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات کئی ایرانی میزائلوں نے اسرائیلی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوجی ذرائع نے سی این این کو بتایا کہ ان حملوں میں فوجی تنصیبات کو کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا۔
اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا کہ منگل کی رات ایرانی بیلسٹک میزائل حملے میں اس کے کچھ ہوائی اڈے نشانہ بنے، تاہم اسرائیلی فضائیہ کی کارکردگی پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
صہیونی فوج کے مطابق میزائل حملے سے ہوائی اڈوں میں موجود دفتر اور دیکھ بھال کی عمارتوں کو نقصان پہنچا، لیکن کوئی اہم ڈھانچہ متاثر نہیں ہوا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد بھی اسرائیلی فضائیہ نے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں، جن میں بیروت میں حزب اللّٰہ کے خلاف بڑی کارروائیاں، جنوبی لبنان میں زمینی افواج کی حمایت، اور غزہ میں حملے شامل ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں درجنوں دھماکے ہوئے، اس دوران دارالحکومت سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجائے جاتے رہے اور تمام شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا حکم دیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران نے اسرائیل پر سیکڑوں بیلسٹک میزائل داغے تھے۔