راولپنڈی سے اسلام آباد کا رابطہ منقطع ، سیکیورٹی سخت اور داخلی راستے سیل
اسلام آباد: راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور دفعہ 144 بھی نافذ ، ڈی چوک سے تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے
پی ٹی آئی کے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کے اعلان کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے۔
راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور دفعہ 144 بھی نافذ ہے، فیض آباد پُل پر ڈبل لیئر کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد ایکسپریس وے کو بھی مختلف مقامات پر سیل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ڈی چوک سے تین افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں دو شہری اور ایک تحریک انصاف کا کارکن شامل ہے۔
چیرنگ کراس چوک دونوں جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا جبکہ ایم ایچ چوک صدر مال روڈ بھی دونوں جانب سے بند ہے۔ حیدر روڈ فلیش مین و میڑو اسٹیشن روڈ، مریڑھ چوک چاروں اطراف سے اور مری روڈ بھی مکمل طور پر بند ہے۔ ڈبل روڈ اسٹیڈیم بھی رکاورٹیں کھڑی کرکے بند رکھا گیا ہے۔
کچہری سے اولڈ ایئرپورٹ روڈ کورال تک کھلا ہے جبکہ سواں پل بھی کھلا ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا کہنا ہے کہ امن وامان کی صورتحال کے دوران شاہراؤں کی صورت حال کو مد نظر رکھ کر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں داخلہ کے لیے مارگلہ رؤف سے واحد راستہ کھلا رکھا گیا ہے، کسی بھی شاہراہ پر کہیں سے بھی ابھی تک مظاہرین جمع نہیں ہوئے۔
اسلام آباد جانے والی تمام شاہراوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ فیض آباد، ٹی چوک، کھنہ پل، سکستھ روڈ، ڈبل روڈ اور نائینتھ اینویو پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد جانے والے شہریوں سمیت ملازمت پیشہ افراد کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل فون سروسز معطل ہے اور سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔