ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ اسٹریٹجک مفادات، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق ملائشین وزیراعظم انور ابراہیم نےعلاقائی امن اور استحکام کےقیام میں پاکستان کی مسلح افواج کےکردارکوسراہا اوردہشت گردی کےخلاف جنگ میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو تسلیم کیا۔انہوں نےدونوں برادر ممالک کےمابین فوجی تعلقات کو مزید فروغ دینےکی ضرورت پر زور دیا اور اسی تناظر میں آرمی چیف کو ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ملائشین وزیر اعظم کے کامیاب دورہ پاکستان کو سراہا اورکہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک اور افواج کے مابین تاریخی اور دیرپا تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔