Featuredاسلام آباد

کراچی خودکش دھماکا پاک چین دوستی پر بھی حملہ ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ کراچی خودکش دھماکا پاک چین دوستی پر حملہ ہے، پاکستان گزشتہ رات کے سفاکانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے قریب حملے میں 2 چینی انجینئرز جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں، دہشت گردی کی کارروائی صرف پاکستان نہیں پاک چین دوستی پر بھی حملہ ہے۔

بیان کے مطابق مجید بریگیڈ سمیت تمام ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پرعزم ہیں، سیکیورٹی و قانون نافذ کرنے والے ادارے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو نہیں چھوڑیں گے، اس بزدلانہ کارروائی کے ذمے داروں کو سزا دلائے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چینی سفارتخانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، پاکستان اور چین دیرینہ دوست اور ایک دوسرے کے آہنی بھائی ہیں، پاک چین دوستی باہمی عزت و احترام کے رشتے سے منسلک ہے، پاکستان میں موجود چینی باشندوں کی حفاظت کے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہیں، چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کو شکست کی کوششیں جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب پاکستان میں قائم چینی سفارتخانے نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب بم دھماکے کی مذمت اور اس واقعہ میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چینی سفارت خانے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 6 اکتوبر کو رات 11 بجے پورٹ قاسم اتھارٹی الیکٹرک پاور کمپنی (پرائیوٹ) لمیٹڈ سے چینی عملے کو لانے والے ایک قافلے پر حملے میں 2 چینی شہری ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا۔

چینی قونصل خانے نے پاکستانی حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس حملے کی جامع تحقیقات کریں اور ملوث افراد کو سزا دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں مختلف منصوبوں میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر سگنل کے قریب دھماکے میں 3 غیرملکیوں سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close