Featuredسندھ

ایم کیو ایم کا پی ٹی آئی کے 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاجی مظاہرے پر تحفظات کا اظہار

پی ٹی آئی سیاسی جماعت کی طرح کام کرے اور ریاست کے ساتھ تصادم سے گریز کرے

کراچی: پی ٹی آئی کے اقدامات اسرائیلی ایجنڈے کا حصہ ہو سکتے ہیں ، پی ٹی آئی کا 15 اکتوبر کا احتجاج ملکی استحکام کیلیے خطرہ ہے

ایم کیو ایم پاکستان نے پی ٹی آئی کے 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاجی مظاہرے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

ایم کیوایم رہنما مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کی جانب سے 15 اکتوپر کو اسلام آباد ڈی چوک پر احتجاج کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کو استحکام کی ضرورت ہے کیوںکہ 15 اکتوبر کو شنگھائی کانفرنس ہو رہی ہے اور پی ٹی آئی کا احتجاج اس استحکام کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

ایم کیوایم پاکستان کے رہنما نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے اقدامات اسرائیلی ایجنڈے کا حصہ ہو سکتے ہیں۔ زیک گولڈ اسمتھ عمران خان کے بچوں کے ماموں ہیں۔ زیک گولڈ اسمتھ نے 2 ماہ قبل اسرائیل کے حق میں ٹویٹ کی تھی اور عمران خان نے ان کی میئر شپ کی مہم بھی چلائی۔

سید مصطفی کمال نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ پاکستان کے ریاستی اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کا حصہ تو نہیں؟ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اخبارات نے عمران خان کی تعریف میں آرٹیکلز شائع کیے جو اس بات کو فروغ دے رہی ہے کہ پی ٹی آئی کی پالیسیز اور اقدامات اسرائیلی ایجنڈے کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ ایک سیاسی جماعت کی طرح کام کرے اور ریاست کے ساتھ تصادم سے گریز کرے۔

مصطفی کمال نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور ان کے نعروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی ماضی میں ایسے نعرے لگاتے تھے کہ منزل نہیں رہنما چاہیے اور ہم بھی پاگلوں کی طرح لگے رہتے تھے۔ لیکن بعد میں ہم نے بغاوت کی اور اپنے رہنما کو ہی فارغ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما بھی آج اسی طرح کے نعرے لگا رہے ہیں جیسے کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں لیکن اس پر جس طرح عمل کیا جا رہا ہے وہ بالکل اسی طرح ہے جیسا ماضی میں ہوا تھا۔ریاست نے ایم کیو ایم کے امن قائم کرنے کے اقدامات کو تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی کراچی کو اچھی سڑکیں اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ ابھی تک کوٹہ سسٹم بھی برقرار ہے۔سیاسی جماعتوں پر پابندیاں لگانے کے حق میں نہیں لیکن اس احتجاج سے پاکستان کی سلامتی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close