Featuredاسلام آباد

پاکستان کی میزبانی میں دو روزہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس آج شروع ہوگی

پاکستان کی میزبانی میں دو روزہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس آج شروع ہوگی۔ چینی وزیراعظم لی چیانگ اسلام آباد پہنچ گئے۔ دفتر خارجہ کے مطابق مہمانوں کی اکثریت آج پہنچے گی۔ بھارت کی نمائندگی وزیرخارجہ جے شنکر کریں گے۔ روس سمیت دیگر رکن ممالک کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔ ایس سی او کی وزارتی سطح کی مشاورت آج ہوگی جبکہ سربراہی اجلاس کل ہوگا۔ جس کی صدارت وزیراعظم شہبازشریف کریں گے۔ مہمانوں کو وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا جائے گا۔

دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی تفصیلات جاری کردیں۔ اجلاس میں شرکت کیلئےوفود آج اسلام آبادپہنچیں گے، سربراہی اجلاس کے حوالے سے وزارتی سطح کی مشاورت ہوگی۔ وزیر اعظم شہباز شریف مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔

ایس سی او سربراہان کا اجلاس 16 اکتوبرکوجناح کنونشن سنٹرمیں ہوگا، جہاں وزیر اعظم شہباز شریف معزز مہمانوں کا خیر مقدم کرینگے۔ گروپ فوٹوز کے بعد کانفرنس کا باقاعدہ آغازہوگا، افتتاحی خطاب میزبان وزیر اعظم کا ہوگا۔ غیرملکی رہنماؤں کے خطاب کے بعد دستاویزات پر دستخط کئےجائیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف کے اختتامی کلمات سے کانفرنس کے ایجنڈا آئٹمز مکمل ہوں گے، جس کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایس سی او کے سیکرٹری جنرل میڈیا سےگفتگوکریں گے، وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے کانفرنس کے شرکاءکےاعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

چینی وزیراعظم وفد کے ساتھ پاکستان میں موجود، ایران کے اوٌل نائب صدر، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان اور منگولیا کے وزرائے اعظم ، بھارتی وزیر خارجہ جبکہ ترکمانستان کابینہ کے چیئرمین آرہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ سے ریڈ زون تک تمام ایریا کو کوور کیا گیا ہے، آرمی تعینات ہے، رینجرز تعیانت ہے، پولیس تعینات ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جو بھی پاکستان آئےاچھی یادیں لے کر جائے۔

ایس سی او کانفرنس میں معیشت،تجارت ،سماجی و ثقافتی تعلقات اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف سے رکن ممالک کے سربراہان کی وفود کی سطح پر ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close