Featuredاسلام آباد

سینیٹ اور قومی اسمبلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے کامیاب انعقاد پر قرارداد منظور

سینیٹ میں تحریک انصاف نے قرارداد کی مخالفت کی

اسلام آباد: ‏ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے کامیاب انعقاد پر قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی ہے۔

اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پیش کی۔ سینیٹ میں تحریک انصاف نے قرارداد کی مخالفت کی۔

قرارداد کے متن میں لکھا گیا ہے کہ یہ ایوان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کی کونسل کے 23 ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔

قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ یہ ایوان صدر مملکت جناب آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق سپکر صاحبان جنہوں نے علاقائی تعاون کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کیا، کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

یہ ایوان ایس سی او کے اہداف اور مقاصد کے حصول کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کے عزم کے اظہار کو سراہتا ہے۔ یہ ایوان سمجھتا ہے کہ 27 سال بعد پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم جیسا کوئی بڑا ایونٹ کامیابی سے منعقد ہوا، شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لئے اہم سنگ ہے، یہ ایوان حکومت کو سفارتی محاذ پر ملنے والی کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

قرارداد میں لکھا گیا کہ یہ ایوان سمجھتا ہے کہ ایس سی او سربراہ اجلاس سے پاکستان کا مثبت تشخص ابھرا ہے۔ ایس سی او سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کو علاقائی تجارت، امن و استحکام کو فروغ ملے گا، یہ ایوان شنگھائی تعاون تنظیم کے خطے میں سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سلامتی کے مسائل پر اہم کردار کو کو تسلیم کرتا ہے۔

قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ یہ ایوان سمجھتا ہے کہ پاکستان خطے کا اہم اور متحرک ملک ہے، خطے کے اہم علاقائی اور سلامتی کے مسائل پر ایس سی او کانفرنس میں پاکستان کا مضبوط موقف پاکستانی قوم کی ترجمانی ہے۔ یہ ایوان حکومت پاکستان، وزارت خارجہ، وزارت اطلاعات، وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے اہم کردار کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

قرارداد کے متن میں لکھا گیا ہے کہ یہ ایوان ایس سی او کانفرنس کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کو خوبصورتی سے سجانے، مہمانوں کا خیرمقدم کرنے اور پاکستان کے وقار کو بلند کرنے کے لئے تمام حکومتی اداروں کی خدمات کو سراہتا ہے اور ایس سی او سربراہ سمٹ میں شرکت کے لئے آنے والے مہمانوں کی پاکستان آمد سے لے کر ان کی رخصتی تک جن اداروں اور آفیشلز نے اپنے فرائض انجام دیئے، ان سب کو پوری قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close