صدر مملکت نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور نئے چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری دیدی
اسلام آباد: چیف جسٹس کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے (3)، 177 اور 179 کے تحت 3 سال کے لیے کی گئی
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کر دی۔
تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے (3)، 177 اور 179 کے تحت کی۔ جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی 26 اکتوبر سے 3 سال کے لیے کی گئی ہے۔
صدر مملکت نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے 26 اکتوبر کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لینے کی بھی منظوری دے دی۔
گزشتہ روز، پارلیمان کی خصوصی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو اگلا چیف جسٹس آف پاکستان تعینات کرنے کی سفارش کی تھی۔ چیف جسٹس کی تقرری کے حوالے سے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا دوسری بار ہونے والا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا جس میں تحریک انصاف کے علاوہ باقی تمام اراکین نے شرکت کی۔
کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے یحییٰ آفریدی کو اگلا چیف جسٹس آف پاکستان تعینات کرنے کی منظوری دی اور وزیراعظم کو یحییٰ آفریدی کا نام منظوری کے لیے ارسال کر دیا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے چیف جسٹس کی تقرری کے معاملے کا بائیکاٹ اور کمیٹی اجلاس میں شرکت سے انکار کیا تھا۔