Featuredپنجاب

چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفارتخانے میں چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی۔ کراچی میں فائرنگ کے واقعے میں دو چینی شہریوں کے زخمی ہونے پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیرداخلہ نے واقعہ کی تفصیلات اور تحقیقات میں پیشرفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ واقعہ میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے پاک چین دوستی پروان چڑھ رہی ہےعملی تعاون میں جامع پیشرفت ہوئی ہے۔ اس تناظر میں ایک محفوظ اور مستحکم تعاون کا ماحول انتہائی اہم ہے۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین دوطرفہ سیکیورٹی تعاون مزید بڑھانے، پاکستانی اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر بہترین انتظامات پر وزیرداخلہ کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کا دورہ کیا تھا۔ چینی سفیر سے ملاقات میں گزشتہ روز کراچی میں چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی۔ ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی بھی کرا دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ کراچی واقعے میں ملوث افراد کو گرفت میں لینے اور سزا دلوانے کے عمل کی خود نگرانی کررہا ہوں۔ چینی شہریوں پر حملہ پاک چین برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہے ۔ واقعے میں زخمی ہونے والوں کی صحت بہتر ہورہی ہے ۔۔ چینی سفیر نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی سفارتخانے آمد پر شکریہ ادا کیا ۔۔ کہا امید ہے وزیرِاعظم واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ منگل کو کراچی کے علاقے سائٹ میں ایک سکیورٹی گارڈ نے ٹیکسٹائل مل میں کام کرنے والے 2 چینی شہریوں کو گولی مار کر زخمی کردیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close