Featuredاسلام آباد
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت بدھ تک ملتوی
بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت بدھ تک ملتوی ہوگی، ملزمان کی جانب سے عدالتی سوالناموں پر جواب جمع نہیں کرایا گیا ۔
پیر کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی بھی سماعت کیلئے اڈیالہ جیل آئیں ، تاہم ملزمان کی جانب سے عدالتی سوالناموں پر جواب جمع نہیں کرایا گیا ۔
دوران سماعت وکلا صفائی نے مؤقف اپنایا اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق پہلے ملزمان کی درخواست بریت پر فیصلہ کیا جائے ۔
نیب وکلا کا کہنا تھا ہائیکورٹ کا ایسا کوئی آرڈر تاحال عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ، ملزمان عدالت میں موجود ہیں ان کے 342 کے بیان ریکارڈ کیے جائیں ۔
وکلا صفائی نے کہا ہائیکورٹ کے احکامات موصول ہونے تک سماعت ملتوی کی جائے اور سوالنامے کےجوابات کیلئے بھی 14 دن کا وقت چاہیئے ۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت 2 روز کیلئے یعنی 13 نومبر تک ملتوی کر دی ۔