انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ نشانہ بنارہا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ نشانہ بنارہا ہے۔ یہ پرامن احتجاج نہیں بلکہ شدت پسندی ہے۔
وزیراعظم نے سری نگر ہائے وے پر رینجرز و پولیس اہلکاروں پر احتجاجیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے گاڑی سے کچلے جانے والے رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر دکھ وغم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی شہید اہلکاروں کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اور حملے میں زخمی رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نام نہاد پرامن احتجاج کی آڑ میں پولیس و رینجرز اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں، پولیس اور رینجرز کے اہلکار شہر میں امن و امان کے نفاذ کیلئے مامور ہیں۔ انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ نشانہ بنارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پرامن احتجاج نہیں بلکہ شدت پسندی ہے، انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں بلکہ خون ریزی چاہتا ہے، پاکستان کسی بھی انتشار اور خون ریزی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انتشاری ٹولہ پولیس و رینجرز کے شہید اہلکاروں کے لواحقین کو جواب دہ ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ مذموم سیاسی مقاصد کے لیے خون ریزی ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے، پوری قوم رینجرز اور پولیس کے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج کے دوران گزشتہ شب سری نگرہائی وے پر پی ٹی آئی کارکنوں نے گاڑی رینجرزاہلکاروں پر چڑھادی، جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہو گئے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پانچ رینجرز اور پولیس کے جوان شدید زخمی ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد میں فوج کو طلب کر لیا گیا ہے اور شر پسندوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات دے دیے گئے ہیں۔
شہر اقتدار میں آرٹیکل ٹو فورٹی فائیو کے تحت فوج کا طلب کرلیا گیا ۔ شرپسندوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات دے دیے گئے۔ دہشتگردانہ کارروائی سے نمٹنے کےلیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔