کل سے اسکول کھل جائیں گے ، موبائل فون سروس بحال ہوجائے گی: وزیر داخلہ
بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور ابھی تک تو فرار ہیں ، محسن نقوی
اسلام آباد: اسلام آباد میں جتنا بھی مالی یا جانی نقصان ہوا اس کے پیچھے ایک عورت ہے ، افغانوں سے متعلق ایک اہم فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ڈی چوک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی ابھی تک تو فرار ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ فوری طور پر بند سڑکوں کو کھول دیا جائے، کل سے اسکول کھل جائیں گے، موبائل فون سروس بحال ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دو دفعہ ان کو کہا کہ سنگجانی میں جلسہ کریں، ہماری بات ہوگئی تھی، انہوں نے سنگجانی جانے پر رضا مندی ظاہر کی تھی، انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ نہیں مانتے، ڈی چوک جانا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انہوں نے دھمکیاں دے کر اور اربوں کا نقصان کرکے دیکھ لیا، میڈیا ہاؤسز پر حملے کیے، سی سی ٹی وی ڈھونڈلیں گے جہاں جہاں نقصان کیا ہے۔
اس سے پہلے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جتنا بھی جس کا بھی مالی یا جانی نقصان ہوا اس کے پیچھے ایک عورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کل نیا دن، نئی سوچ کے ساتھ طلوع ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانوں سے متعلق ایک اہم فیصلہ کرلیا گیا ہے، دو تین روز میں سامنے لائیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پہلے روز سے کہہ رہا تھا کہ مذاکرات کبھی نہیں ہوں گے، پی ٹی آئی کا ایسا رویہ نہیں کہ مذاکرات کریں، ایک دو، تین نہیں ہزاروں پی ٹی آئی کارکن بھاگیں گے.
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز کے جوانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جس طرح رینجرز نے کام کیا، وہ بہت شاندار تھا۔