جعلی حکومت نے ہم پر جعلی مقدمات درج کیے : بیرسٹر سیف
بانئ پی ٹی آئی کا واضح بیان ہے کہ احتجاج جاری ہے
پشاور: ہم نے احتجاج کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے اور جعلی حکومت کے خاتمے تک احتجاج کرتے رہیں گے۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ ہماری تحریک جاری ہے ابھی ختم نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ گولیوں اور ڈنڈوں سے معاملات ٹھیک نہیں مزید خراب ہوتے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ہمارے خلاف جعلی مقدمات درج کیے گئے ہیں، میرے خلاف بھی 6 مقدمات درج کیے گئے ہیں، ہم نے احتجاج کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ جعلی حکومت کے خاتمے تک احتجاج کریں گے، اسلام آباد جانا ہر شہری کا حق ہے، بانئ پی ٹی آئی کا واضح بیان ہے کہ احتجاج جاری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے تو کالعدم تحریک طالبان کے ساتھ بھی مذاکرات کیے ہیں، مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں لیکن ابھی کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں، بانئ پی ٹی آئی اگر اجازت دیں تو مذاکرات کریں گے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ حکومت ہمیں انتشاری کہہ رہی ہے، انتشاری تو یہ لوگ ہیں جنہوں نے نہتے لوگوں پر فائرنگ کی۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا نے کہا کہ یہ جمہوریت کو نہیں سمجھتے یہ انتشار پھیلاتے ہیں، انہوں نے قوت کا استعمال کیا، ہمارے لوگوں کو شہید کیا، امن و امان پورے ملک کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے پی میں دہشت گردی کا مسئلہ پی ٹی آئی دور میں پیدا نہیں ہوا، یہ نیشنل سیکیورٹی کا مسئلہ ہے جو وفاق کی ذمے داری ہے، بارڈر کی سیکیورٹی اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کرنے چاہیے۔