لاہور: خیبر پختونخوا کے فنڈز کو اپنے ذاتی فوٹو سیشن اور تشہیر کے لیے استعمال کرنا شرمناک ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا 5 اکتوبر کے فیڈریشن پر حملے پر کے پی سرکار کا 81 کروڑ روپے خرچہ آیا۔ 24 نومبر کی تیسری ناکام بغاوت پر اطلاعات کے مطابق 2 ارب سے زائد خرچ ہوئے ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ بشریٰ بی بی کس حیثیت سے لوگوں میں چیک تقسیم کر رہی ہیں؟ خیبر پختونخوا کے فنڈز کو اپنے ذاتی فوٹو سیشن اور تشہیر کے لیے استعمال کرنا شرمناک ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آپ سرکاری مال پر عیاشی کر رہی ہیں، موصوفہ کہتی ہیں میں بھاگی نہیں اکیلی کھڑی رہی، بھاگنے میں تو آپ نے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے، پورا میڈیا گواہ ہے بشریٰ بی بی خود کلثوم پلازہ سے اگے نہیں گئی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 26 نومبر کی رات ساڑھے 10 بجے بشریٰ بی بی کو ڈی چوک سے بھاگتے ہوئے پوری قوم نے دیکھا، ان کے اپنے ورکرز نے بشریٰ بی بی کے بھاگنے پر ان کی گاڑی پر پتھر اور ڈنڈے مار رہے تھے، پورا میڈیا گواہ ہے رات سوا گیارہ بجے تک ڈی چوک کلیئر تھا۔
انہوں نے کہا کہ انکے اپنے ورکرز نے انکی گاڑی کے ٹائر پنکچر کیے کہیں یہ بھاگ نہ جائے، وہ سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے جس میں بشریٰ گاڑی تبدیل کرکے بھاگی، بشریٰ بی بی نے بھاگتے ہوئے گلی میں چھپ کر گاڑی تبدیل کی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آپ سرکاری مال پر عیاشی کر رہی ہیں لیکن عدالت بلائے تو بیمار ہو جاتی ہیں، دس سماعتوں سے بشریٰ بی بی گرفتاری کے خوف سے عدالت میں پیش نہیں ہو رہی۔