ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ کے لیے مقابلہ مزید سخت ہو گیا
فائنل کی دوڑ میں 3 ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے
جنوبی افریقا نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023کے فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ ہوگئی اور بظاہر 3 ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔
پیر کو سری لنکا کے خلاف 0-2کی شاندار سیریز جیت کے بعد جنوبی افریقا نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جس کے بعد فائنل میں جگہ کے لیے مقابلہ مزید سخت ہو گیا۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپین شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کا دوسرا اور بھارت کا تیسرا نمبر ہے۔پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ 2 ٹیمیں ہی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلیں گی۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 میں اب صرف 10 میچز باقی ہیں اور کوئی بھی ٹیم اب تک فائنل میں جگہ نہیں بنا سکی۔
بظاہر بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے کانٹے کا مقابلہ ہے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل کی موجودہ ٹاپ ٹیم جنوبی افریقا کو فائنل میں جگہ یقینی بنانے کے لیے صرف پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں سے ایک میچ جیتنے کی ضرورت ہے۔
اگر جنوبی افریقا اور پاکستان کی سیریز 1-1 سے برابر ہوتی ہے تو جنوبی افریقا کو بھارت اور آسٹریلیا کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔
اگر جنوبی افریقا 0-1 سے پاکستان کے ہاتھوں سیریز ہار جاتا ہے، تو اسے آسٹریلیا کے صرف زیادہ سے زیادہ 2 میچز جیتنے اور بھارت کے بارڈر گواسکر ٹرافی میں ایک میچ جیتنے کی امید رکھنی ہوگی۔
بھارت کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی کی راہ گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف 0-3کی شکست کے بعد مشکل ہو گئی تھی۔
تاہم بھارت نے بارڈر گواسکر ٹرافی کے پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر واپسی کی لیکن پھر ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں کینگروز نے بھارت کو ہرا کر سیریز برابر کر دی ہے۔
بارڈر گواسکر ٹرافی کے ابھی 3 میچز باقی ہیں۔
فی الحال 57.29 پوائنٹس کے ساتھ بھارت اپنے باقی 3 ٹیسٹ میچز میں 2 جیت اور ایک ڈرا کے ذریعے ٹاپ 2 میں جگہ بنا سکتا ہے۔ اگر بھارت آسٹریلیا کے خلاف 2-3 سے سیریز ہار جاتا ہے تو اسے جنوبی افریقا کا پاکستان کے خلاف 0-2 سے ہارنے اور آسٹریلیا کی سری لنکا کے خلاف دونوں میچز میں جیت پر انحصار کرنا ہوگا۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا 60.71 پوائنٹس کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں ہے۔ فائنل تک پہنچنے کے لیے انہیں بھارت کے خلاف اپنے باقی 3 ٹیسٹ میچز میں کم از کم 2 جیتنے ہوں گے۔
حتیٰ کہ اگر آسٹریلیا سری لنکا میں اپنے دونوں میچز ہار بھی جائے، تو اس کے پوائنٹس بھارت اور سری لنکا کے مقابلے میں اچھے ہوں گے۔
تاہم، اگر آسٹریلیا بھارت سے 2-3 سے ہار جاتا ہے، تو اسے سری لنکا کو 0-2 سے ہرانا ہوگا اور فائنل میں جگہ بنانے کے لیے جنوبی افریقا بمقابلہ پاکستان سیریز کے نتائج پر انحصار کرنا ہوگا۔
دوسری جانب پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن والی سری لنکا کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں تقریباً ختم ہو چکی ہیں۔
سری لنکا کو اپنی اگلی سیریز میں آسٹریلیا کو 0-2 سے شکست دینا ہوگی اور امید کرنی ہوگی کہ آسٹریلیا بارڈر گواسکر ٹرافی میں بھارت سے 1-2 سے ہارے۔ علاوہ ازیں سری لنکا کو جنوبی افریقا کا پاکستان کے خلاف 0-2 سے ہارنے کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان کے امکانات انہتاہی کم ہیں اور اس کا انحصار دیگر ٹیموں کے نتائج پر ہوگا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں۔