Featuredخیبر پختونخواہ

کھلی چھوٹ نہیں دے سکتے، سینیٹ الیکشن کے معاملہ پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب

پشاورہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات انعقاد کیس میں الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔

خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کروانے سے متعلق درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابرہیم اور جسٹس وقار احمد نے کی۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا گزشتہ سماعت پر الیکشن تاریخ کیلئے الیکشن کمیشن نے وقت مانگا تھا، جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا معاملے پر الیکشن کمیشن نے کچھ حد تک غور کیا، الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن سے متعلق میٹینگز کی ہیں۔

وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ کے پی سینٹ الیکشن کے حوالے سے 10 دسمبر کو اجلاس ہوا، ابھی تک اس پر مشاورت جاری ہے، مخصوص نشستوں کی نظرثانی سپریم کورٹ میں زیرالتوا ہے،اس کو بھی دیکھ رہے ہیں۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے کہا کہ آپ کو ہم دو ہفتے کا وقت دیتے ہیں، جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل بولے زیادہ وقت دیں، ہو سکتا ہے سپریم کورٹ بھی کوئی فیصلہ کرے۔

چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ آپ کو ایسی کھلی چھوٹ بھی نہیں دے سکتے، عدالت نے الیکشن کمیشن سے 16 جنوری تک جواب طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ 28 مارچ کو الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے مقدمے میں نومنتخب ارکان کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے اجلاس بلا کر حلف نہ لیا تو صوبے کی حد تک سینیٹ انتخابات ملتوی کر دیے جائیں گے۔ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ووٹ ڈالنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور کسی کو بھی ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close