شدید ترین سردی کے باوجود پاراچنار میں 5 روز سے دھرنا جاری
مظلومین پاراچنار کی حمایت میں کراچی ، لاہوراورملتان سمیت ملک بھر میں احتجاجی دھرنوں کا آغاز
پاراچنار: ضلع کرم میں راستوں کی بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے جب کہ شہریوں کی جانب سے شدید سرد موسم میں بھی 5 روز سے دھرنا جاری ہے۔
ضلع کرم میں لوئر کرم میں گزشتہ ڈھائی ماہ سے سڑکیں اور ٹرانسپورٹ بند ہے، راستوں کی بندش کی وجہ سے علاقے میں ادویات اور کھانے پینے کی اشیا کی قلت برقرار ہے۔
ضلع میں ابتر صورتحال کے خلاف شہریوں کی جانب سے شدید سرد موسم میں پاراچنار میں پریس کلب کے باہر دھرنا جاری ہے، مظاہرین نے کشیدگی پر فوری قابو پانے اور حالات معمول پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب مظلومین پاراچنار کی حمایت میں کراچی ، لاہوراورملتان سمیت ملک بھر میں احتجاجی دھرنوں کا آغاز ہوگیا۔
کراچی نمائش چورنگی پر مرکزی احتجاجی دھرنے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان رہنما علامہ حسن ظفرنقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کرم ایجنسی میں امن کے قیام میں ناکام ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں پاراچنار کے حالات درستگی کیلئے صرف دعوے کررہے ہیں ۔ دہشتگرد کہتے تھے ہم پاراچنار کو غزہ بنائیں گے۔ معصوم بچوں کو بے رحمی سے دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔
علامہ حسن ظفرنقوی کا کہنا تھا کہ پاراچنار تین جانب سے دہشتگردوں سے گھرا ہوا ہے ، افغانستان سے دہشتگردی ہوئی پاراچنار کی عوام نے ملک کا دفاع کیا۔ کرم ایجنسی کی عوام محب وطن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ گندا پور نہیں غنڈا پور ہے ، پاراچنار میں شیعہ و سنی جھگڑا نہیں ہے ، جب تک پاراچنارکےلوگ دھرنہ دیئے ہوئے ہم بھی بیٹھے ہیں ، پاراچنار کی عوام کو بند گلی تک لے جایا گیا ہے ، پورے ملک میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ، جب تک پاراچنار کی عوام کے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہمارا احتجاج جاری ہے۔
پاراچناروالوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لاہور پریس کلب کے سامنے دھرنا جاری ہے۔
مجلس وحدت اور امامیہ اسٹوڈنٹس لاہور ڈویژن کی جانب سے ضلع کرم میں پاراچنار کے راستوں کی بندش، پارا چنار کے محاصرے، ادویات کی قلت، کھانے پینے کی اشیاء کی عدم فراہمی کیخلاف لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں کارکنوں سمیت خواتین اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اس موقع شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کی۔ مظاہرین نے گزشتہ روز پارا چنار میں بے دردی سے تکفیرویوں کے ہاتھوں ذبح ہونیوالے جوانوں کے لواحقین کیساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔
بعد ازاں اس احتجاجی مظاہرے کو پاراچنار کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کے لیے باقائدہ دھرنے میں تبدیل کر دیا گیا۔ اس موقع پر پریس کلب کے سامنے نماز مغربین با جماعت ادا کی گئی