دفاع کا حق رکھتے ہیں، افغانستان کو کالعدم ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی کرنا ہوگی،وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ افغانستان کو کالعدم ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائی کرنا ہوگی، بہتر تعلقات اور دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ بیک وقت ممکن نہیں۔
کابینہ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی افغانستان سےکام کررہی ہے، پاکستان میں بے گناہ لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے،یہ پالیسی نہیں چل سکتی، پاکستان کی سالمیت کیلئے بھرپور دفاع کا حق رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان برادرملک ہے،چاہتے ہیں تعلقات اچھے ہوں مگر بہتر تعلقات اور کالعدم ٹی ٹی پی کو کھلی چھوٹ بیک وقت ممکن نہیں، افغان حکومت سے ٹھوس حکمت عملی کا کہتے ہیں،اس کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل وزیرستان میں بھی خوارج کو جہنم واصل کیاگیا، چند روز قبل 16ایف سی جوان شہید ہوئے، افواج پاکستان دہشتگردی کیخلاف صف آرا ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاراچنار میں ہیلی کاپٹر سے ادویات مہیاکی ہیں، تقریباً ایک ہزار کلو کےقریب ادویات پہنچائی گئیں، پاراچنار میں این ڈی ایم اے کے ذریعے ادویات پہنچائی گئیں، پاراچنار کے بہن،بھائیوں کوعلاج کیلئےاسلام آباد بھی منتقل کیا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنزٹرافی سے متعلق انہوں نے کہا کہ خوشخبری ہے آئی سی سی کے کرکٹ ایونٹ ہونے جا رہے ہیں، شائقین کوہائی کوالٹی کرکٹ کا موقع ملے گا،ساری تیاری کرلی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ 27 دسمبر کو بینظیربھٹو کو راولپنڈی میں شہید کیا گیا، شہید بینظیر بھٹو بہادرخاتون تھیں، جمہوریت کیلئے بینظیر بھٹوشہید کی خدمات مثالی ہیں، بینظیر بھٹو شہید کے بلنددرجات کیلئے دعاگو ہیں۔
ملک کی معاشی صورتحال پر شہباز شریف کا کہنا تھا ملک میں ساڑھے 22 فیصد شرح سود تھی ایسے میں سرمایہ کاری کیسے ہوتی ۔ بینک ٹریژری بلز میں انویسٹ کر کے بیٹھے بٹھائے بھاری منافع کماتے رہے ۔ حکومت نے اب بینکوں سے معاملہ طے کر لیا ہے ۔ اس سال 70 ارب اور آئندہ تین برسوں میں 140 ارب روپے موصول ہوں گے ۔