وزیراعظم کا اسمارٹ میٹرز کی تنصیب جلد مکمل کرنے اور بجلی چوری روکنے کی ہدایت
وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا، وزیرِاعظم نے اسمارٹ میٹر کی تنصیب جلد مکمل کرنے اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے جائزہ اجلاس میں لاہور، پشاور اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے معاملات زیر بحث آئے۔
وزیرِاعظم نے اسمارٹ میٹرز کی جلد از جلد تنصیب کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بلنگ نظام میں شفافیت آئے گی۔ انہوں نے اوور بلنگ کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ملوث افسران کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کو بتایا گیا کہ 25-2024ء میں نومبر تک لیسکو کی ریکوری 96.82 فیصد، پیسکو کی 87.98 فیصد اور فیسکو کی 97.57 فیصد رہی، نقصانات کے حوالے سے لیسکو کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن لاسز 13 فیصد، جبکہ پیسکو کے نقصانات 33 فیصد اور فیسکو کے 6 فیصد رہے۔
اجلاس میں یہتط بھی بتایا گیا کہ لیسکو نے 47 ہزار سے زائد تھری فیز اسمارٹ میٹرز نصب کیے ہیں جبکہ پیسکو اور فیسکو کی جانب سے بھی اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد اسمارٹ میٹر لگانے ہیں، پیسکو میں ایک لاکھ 52 ہزار میں سے 51 ہزار اسمارٹ میٹر لگائے جاچکے ہیں، فیسکو میں ایک لاکھ 92 ہزار اسمارٹ میٹرز کا ہدف ہے جبکہ 11276 کی تنصیب ہوچکی۔
وزیرِاعظم نے کمپنیوں کے سربراہان کی تعیناتی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور شفاف عمل کے ذریعے جلد از جلد تقرری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔