Featuredاسلام آباد

اڑان پاکستان منصوبہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے نجات دلا دے گا، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اڑان پاکستان منصوبہ آئندہ دو سے 3 سال میں پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے نجات دلا دے گا۔

اڑان پاکستان پروگرام کے آغاز پر جاری کیے گئے پیغام میں وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ معیشت مستحکم ہوچکی، اب نجی شعبے کو معاملات چلانا ہوں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پروگرام کے تحت ہماری گروتھ ریٹ برآمدات پر مبنی ہوگی، نجی شعبے کو بھی فرنٹ سے لیڈ کرنا ہوگا، ترقی کے لیے اڑان پاکستان ہوم گرون نیشنل اکنامک پلان ناگزیر ہے۔ انہوں نے باور کرایا ملک میں میکرو اکنامک اسٹیبلیٹی آچکی ہے, جسے پائیدار ترقی کی جانب لے کر جانا ہوگا۔

وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا اس ایجنڈے کے تحت معاشی ترقی کا سفر طے کیا جائے گا۔ علی پرویز ملک کہتے ہیں یہ ایجنڈا پاکستان کی معیشت کی سمت درست کرے گا۔ احسن اقبال بولے ملک کو سیاسی نہیں اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔

فاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’اڑان پاکستان‘ میڈ ان پاکستان معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے، ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا ہے اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج ہوم گرون اکنامک ایجنڈے کا اعلان کرنے جارہے ہیں، معاشی اصلاحات کے ایجنڈے میں پاکستان کے عوام کے لیے خوشخبریاں ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ الحمد اللہ پاکستان کے تمام معاشی اشاریے بہتر ہوئے ہیں، ہوم گرون معاشی اصلاحات کا ایجنڈا اہم اقدام ہے جو پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی کے لیے ہے۔

وزیرمملکت خزانہ علی پرویز ملک اور مسلم لیگ ّن) کے چیف وہپ طارق فضل چوہدری نے بھی سیاسی عدم استحکام کو معیشت کی راہ میں رکاوٹ قرار دیا۔ انہوں نے معیشت کے استحکام کے لیے سیاسی استحکام کو لازمی قراردیا۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ 2025 میں پاکستان انشااللہ ٹیک آف کر جائےگا، 5 سالہ منصوبے میں شاندار مستقبل پوشیدہ ہے، پاکستان ان خوابوں کی تعبیر ہوگا جو خواب قائداعظم ؒ نے دیکھے تھے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج قومی اقتصادی تبدیلی منصوبہ 29-2024 کا اعلان کریں گے۔ وزارت منصوبہ بندی کے مطابق اُڑان پاکستان پانچ سالہ قومی اقتصادی منصوبہ ہوگا اور اس میں 2024 سے 2029 تک کا احاطہ کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ سرکاری اور نجی شعبوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی قابل قدر رائے پر مبنی ہے اور اس کا مقصد پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اس پروگرام کے تحت 2029 تک برآمدات کو 60 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھائے گی اور پروگرام کے تحت آئی ٹی گریجویٹس کی تعداد میں سالانہ ہزاروں کا اضافہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اُڑان پاکستان کے ذریعے پاکستان کو 2035 تک ایک ہزار ارب ڈالر کی معیشت کی بنیاد فراہم کرنا ہے اور اس پروگرام کے تحت شرح خواندگی کو فروغ دیا جائے گا اور غربت میں کمی لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں آئی ٹی برآمدات کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close