پاکستان کے عالمی سطح پر تنہا ہونے کا بیانیہ ہوا میں اڑ چکا، نائب وزیراعظم
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عالمی سطح پر تنہا ہونے کا بیانیہ ہوا میں اڑ چکا۔ پاکستان سفارتی سطح پر دنیا میں متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران نائب وزیراعظم نے کہا کہ معیشت مستحکم اور برآمدات بڑھ رہی ہیں۔ مہنگائی کم ہو کر 5 فیصد پر آگئی۔ جی ڈی پی گروتھ بھی مثبت ہے۔ بجلی کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی عالمی تنہائی کا خواب دیکھنے والوں کو 2024 میں نہ صرف ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا بلکہ کثیر الجہتی سفارتکاری میں پاکستان کی پے درپے کامیابیوں نے مخالفین کے عزائم بھی خاک میں ملا دیئے۔
پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کہنے اور سمجھنے والوں کیلئے 2024 ایک اور زوردار طمانچہ ثابت ہوا، سفارتکاری کے میدان میں پاکستان آئے روز نئی کثیر الجہتی کامیابیاں سمیٹتا رہا۔ قومی قیادت جہاں درجنوں دوست ممالک کی مہمان بنی تو وہیں اسلام آباد نے شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی کانفرنس سمیت کئی بین الاقوامی قائدین کی میزبانی بھی کی۔
پاکستان اور جی سی سی ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں کا مضبوط تبادلہ ہوا۔ آذربائیجان، بیلاروس، چین، ایران، قازقستان، ملائیشیا، منگولیا، قطر، روس، سعودی عرب، تاجکستان، ازبکستان کی قیادت نے پاکستان کا دورہ کیا۔
چین، سعودی عرب، ایران، بھارت، جرمنی، قطر، روس اور برطانیہ کے وزارتی وفود اسلام آباد پہنچے۔ آئی ایم او اور کامن ویلتھ کے سیکرٹریز جنرل نے بھی 2024 کے دوران پاکستان کے دورے کئے۔
پاکستان 2025-2026 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن 2 سال تک کیلئے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کا ممبر بورڈ آف گورنرز اور 2024 کے لیے اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کمیشن کا سربراہ منتخب ہوا۔