ملک میں ڈھائی کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہونے کا انکشاف
نیشنل چائلڈ رائٹس کمیشن کے مطابق پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچے اس وقت اسکولوں سے باہر ہیں۔
نیشنل چائلڈ رائٹس کمیشن نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں اعداد وشمار پیش کردیئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت ڈھائی کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
بریفنگ میں بتایا بچوں کے ساتھ زیادتی مار پیٹ کا سرکاری اداروں سے مستند ڈیٹا نہیں ملتا، جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بچوں کی تصاویر کی حفاظت کے لیے قومی کمیشن برائے حقوق اطفال میٹا کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
کمیٹی میں پی ٹی آئی کے شیر افضل مروت کو بات کرنے پر ن لیگ کی نوشین افتخار نے ٹوک دیا۔ کہا ایجنڈے سے نہ ہٹیں۔ سیاسی تعصب کا شکار ہونے کے بجائے بچوں کے حقوق کی بات کی جائے۔
علی محمد خان نے انسانی حقوق سے متعلق حکومت کو غیر سنجیدہ قرار دیا تو کمیٹی چیئرمین حامد رضا نے قیدیوں کے حالات جاننے کیلئے 8 جنوری کو اڈیالہ جیل جانے کا اعلان کردیا۔
انسانی حقوق کمیٹی نے اسکولوں میں منشیات کے استعمال اور بچوں سے بھیک منگوانے سے متعلق آئندہ اجلاس میں تفصیلات پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔