سرکاری حج اسکیم میں مزید درخواستیں وصول کی جائینگی، سیکریٹری مذہبی امور
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کو بتایا گیا کہ سرکاری حج اسکیم میں 5 ہزار افراد کا کوٹہ موجود ہے، چند دن تک مزید درخواستیں لیں گے۔
وزارت مذہبی امور کے کمیٹی روم میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور ملک عامر ڈوگر کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں کمیٹی کے ارکان سمیت وزارت مذہبی امور کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں کمیٹی کے چیئرمین ملک عامر ڈوگر نے اعتراف کیا کہ ہر سال حج انتظامات میں بہتری آرہی ہے، جس پر وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی رہنمائی میں مزید بہتری لائیں گے۔
کمیٹی کے چیئرمین ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ نجی حج کمپنیاں وزارت کی معاونت کرتی ہیں، وزارت مذہبی امور ان کی سرپرستی کرے۔
سیکرٹری مذہبی امور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ حج اخراجات 11 لاکھ سے کم رہیں، سرکاری حج اسکیم میں 5 ہزار کا کوٹہ موجود ہے، چند دن تک مزید درخواستیں طلب کریں گے۔
وزارت کی جانب سے بتایا گیا کہ منیٰ میں ہر میٹرس پر مخصوص نمبر لگا کر حجاج کو الاٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 218 نجی کمپنیوں کیخلاف 764 شکایات موصول ہوئیں۔