لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ ، ڈپٹی کمشنر زخمی
پہلے قافلےکو ہنگو کی تحصیل ٹل سے نکلنا ہے لیکن قافلہ ابھی نہیں نکلا ، ضلعی انتظامیہ
ضلع کرم: لوئر کرم میں گاڑی پر فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے۔
لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کو زخمی حالت میں تحصیل لوئر علیزئی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے علاوہ ایک پولیس اہل کار کے بھی فائرنگ سے زخمی ہوا ہے۔
علاوہ ازیں مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحصیل علی زئی ضلع کرم میں عرفانی کلی کے قریب سرکاری گاڑیوں پر پتھراؤ اور فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
آر پی او کوہاٹ نے تصدیق کی کہ بگن میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنرکرم زخمی ہوئے ہیں، فائرنگ فریقین نے نہیں کی، نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی، ملزمان کی تلاش جاری ہے، علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قافلےکو ہنگو کی تحصیل ٹل سے نکلنا ہے لیکن قافلہ ابھی نہیں نکلا، مشاورت اور صورتحال کا جائزہ لینے کےبعد قافلہ نکلے گا۔