وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں کا جب منہ کھلتا ہے تو گالیاں نکلتی ہیں، سیاسی جماعتوں کو لاحق بیماریوں کا اچھا علاج کریں گے۔
پاکپتن میں لائیوسٹاک کارڈ کی باقاعدہ لانچنگ تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ اب پاکستان میں اچھی خبریں آرہی ہیں۔ ڈولتی معیشت سنبھل رہی ہے۔ پنجاب میں پچھلی حکومت کے پاس بھی پیسہ تھا۔ لیکن عوام پر خرچ نہیں ہوا۔ آج پتا چلتا ہے کہ پیسہ عوام پر خرچ ہورہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پہلے ڈیفالٹ کی خبریں آرہی تھیں، پاکستان کو سری لنکا سے ملایا جارہا تھا، اسٹاک مارکیٹ نے تاریخ رقم کردی، زبانی نہیں،عملی کاموں پر یقین رکھتی ہوں، 10 ماہ میں ہی پاکستان ترقی کرنے لگ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آٹا اور روٹی کی قیمت دوسرے صوبوں سے کم ہے، لائیو اسٹاک کارڈ کیلئے 11ارب روپے رکھے گئے، پاکستان میں مہنگائی کم ہوئی ہے،90 ہزار افراد کو لائیو اسٹاک کارڈ دیں گے، خواہش ہے تمام کسانوں کے گھروں میں خوشحالی آئے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں مستحق خواتین کو مویشی دیں گے، جانوروں کی نشانی کیلئے کیو آر کوڈ متعارف کرارہے ہیں، کسانوں کے بارے میں مخالفین پروپیگنڈا کررہے ہیں، مخالفین حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم نے گندم کی کاشت کا ہدف پورا کیا، لوگ کہتے تھے سڑکیں بنانے سے قوم ترقی نہیں کرتی، سڑکوں کے بغیر کبھی ترقی نہیں آسکتی، قرضہ اسکیم کے تحت رواں سال ایک لاکھ گھر بنیں گے، 5 سال میں 5لاکھ افراد کو گھر دیں گے۔ بلا سود قرضے کا بوجھ حکومت پنجاب اٹھائے گی۔