ایک مرتبہ پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان
اسلام آباد: پیٹرول ساڑھے تین روپے اور ڈیزل 3 روپے 70 پیسے تک مہنگا ہونے کا امکان ہے
عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے باعث ملکی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافے کا امکان ہے۔
انڈسٹری نے پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق ورکنگ اوگرا کو بجھوا دی۔
پیٹرول ساڑھے تین روپے اور ڈیزل 3 روپے 70 پیسے تک مہنگا ہونے کا امکان ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 5 روپے تک اور مٹی کا تیل 6 روپے سے زائد مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
اوگرا عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں کا تعین 15 جنوری کو کرے گا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف قیمتوں سے متعلق حتمی منظوری دیں گے۔
وزارت خزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 سے 31 جنوری تک نافذ العمل ہوگا۔
واضح رہے کہ حکومت نے یکم جنوری 2025 کو بھی عوام کو نئے سال کی پہلی سلامی دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے 96 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
پیٹرول کی قیمت میں 56 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 96 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا تھا۔