وزیراعظم کی آئی ایم ایف سے پاکستان میں ملاقات کیوں نہیں ہو سکتی، قوم کو بتایا جائے کہ کون سی مزید شرائط طے کی جارہی ہیں؟ مریم اورنگزیب
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی آئی ایم ایف سے پاکستان میں ملاقات کیوں نہیں ہو سکتی ،قوم کو بتایا جائے کہ اب کون سی مزید شرائط طے کی جارہی ہیں؟۔ اتوار کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کی آئی ایم ایف سے ملاقات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پہلے ہی آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرچکی ہے، پھر ملاقات کا ڈرامہ کیوں ؟ انہوں نے کہاکہ پہلی حکومت ہے جس نے چور دروازے سے آئی ایم ایف کی شرائط پر پیشگی عمل کیا۔
مریم اور نگزیب نے کہاکہ بقول وزیرِ خزانہ کے کہ حکومت نے آئی ایم جانے سے پہلے ہی شرائط مان لی ہیں ،حکومت آئی ایم ایف سے پیکج لینے سے پہلے ہی مہنگائی کا بم گرا چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ روپے کی قدر میں پینتیس فیصد سے زائد کمی، بجلی، گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ پہلے کیاجاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پیکج سے پہلے ہی حکومت ہر سبسڈی بشمول حج ختم کرچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی آئی ایم ایف سے پاکستان میں ملاقات کیوں نہیں ہو سکتی ،قوم کو بتایا جائے کہ اب کون سی مزید شرائط طے کی جارہی ہیں؟
انہوں نے کہاکہ قوم کو مزید مہنگائی کی کون سی چکی میں پیسنے کی تیاری کی جاری ہے؟انہوں ن ے کہاکہ قوم کو بتایاجائے کہ اب روپے کی قدر میں مزید کتنی کمی ہوگی اور ڈالر کس ریٹ پر ملے گا؟انہوں نے کہاکہ پارلیمان اور قوم سے سچ کے وعدے کرنے والے تمام کام خفیہ انداز میں کررہے ہیں۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ قوم حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی کے ایک اور طوفان کی تیاری کرے۔