ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے، ایران کیلئے کوئی مشکلات کھڑی نہیں کرنا چاہتے، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے، جس کیلئے کوئی مشکلات کھڑی نہیں کرنا چاہتے۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی عرب نے ویزا فیس میں کمی کا پاکستان کا دیرینہ مطالبہ مان لیا ہے اور ویزہ فیس میں کمی کر دی ہے، منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنائے گئے ہیں، جو ہر تین ماہ بعد ملاقات کریں گے، ہم نے سپریم رابطہ کونسل کے قیام کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد مفاہتمی یاد داشتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ سے بات کی ہے اور حالیہ حملے پر افسوس کا اظہار کیا، یہ حملے ناقابل قبول ہیں، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے، جس کے لیے ہم کوئی مشکلات کھڑی نہیں کرنا چاہتے، حالیہ حملوں سے پاکستان بہت پریشان ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ایران کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں اور امید ہے کہ ایران بھی ہماری خود مختاری کا احترام کرے گا، اگر انہیں کوئی مسائل ہیں تو اس پر بات چیت ہوسکتی ہے اور اگر حملے سے متعلق کوئی ثبوت ہیں تو فراہم کریں، ہم تعاون کریں گے، ہم نے پہلے بھی ان کے ساتھ تعاون کیا اور ان کی مدد کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ 14 فروری کو ایرانی پاسدران انقلاب فورس پر حملے میں 27 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 13 شدید ہوگئے تھے جبکہ پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر نے کہا تھا کہ دہشتگردوں کے ٹھکانے پاکستان میں ہیں اور اس پر پاکستانی اداروں کی خاموشی دہشتگردوں کی حمایت کی علامت ہے۔