نیویارک: پاکستان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا اقوام متحدہ نے خیرمقدم کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی کے پاکستانی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ کشیدہ صورت حال میں بہتری کی جانب قدم ہے، دونوں ملک کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ ترجمان یو این سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ یو این سیکرٹری جنرل دونوں ممالک کی قیادت سے رابطے میں ہیں، پاکستان اور بھارت مذاکرات سے تنازعات حل کریں۔
خیال رہے وزیر اعظم عمران خان نے امن کی خاطر بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اس سےزیادہ کشیدگی کو آگے نہ بڑھائے اور کشیدگی کم کرنے اور امن کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے نیشنل ایکشن پلان پر دستخط کیے ہوئے ہیں، یہ نہیں کہتا پلواما واقعہ بھارت نے کرایا، یہ بتائیں ہمیں اس سے کیا فائدہ؟ بدقسمتی سے بھارت نے ثبوت دینے کے بجائے جنگی جنون بڑھایا۔ علاوہ ازیں حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے امن قائم ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام کی وجہ سے جنگ کے بادل چھٹیں گے اور کشمیر کا حساس مسئلہ بھی پرامن طریقے سے حل ہوگا۔