نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد قومی مفاد میں کیا جارہا ہے، وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد قومی مفاد میں کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی سے متعلق اہم فیصلوں پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا گیا اور نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کا جائزہ بھی لیا گیا، ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے کالعدم تنظیموں پر پابندی سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
وزیراعظم عمران خان نے کابینہ ارکان کو پاک بھارت کشیدہ صورت حال پر بریفنگ دی جس پر کابینہ ارکان نے صورتحال معمول پر لانے کے لیے وزیراعظم کے اقدامات کی تعریف کی۔
کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد قومی مفاد میں کیا جارہا ہے جب کہ پاک بھارت کشیدہ صورت حال میں مزید بہتری لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں، پاکستان ذمہ دار ملک کے طور پر قیام امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔