Featuredسندھ

نواز شریف کو کچھ ہوا تو یہ قتل تصور ہوگا جس کی ذمہ دار حکومت ہوگی، سید خورشید شاہ

سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے واضح کیا ہے کہ اگر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو نقصان ہوا تو وہ قتل تصور کیا جائیگا اور اس کا قصور وار حکومت کو سمجھا جائیگا،لاہور کی سروسز اور جناح ہسپتال میں امراض قلب کا شعبہ ہی نہیں ہے،نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، سب صحتیابی کی دعا کریں،عمران خان نے خود کو ابھی تک وزیر اعظم نہیں سمجھا ، اب تک کنٹینر کی سیاست کررہے ہیں ،عمران خان کی سیاست گالم گلوچ اور کنٹینر کی سیاست ہے،قائد اعظم انگریزی میں تقریر کرتے تھے ، قوم قائد اعظم کے ہر ایک لفظ کو سمجھتی تھی۔ اتوار کو یہاں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور اس کی پارٹی میری ایک بات یاد رکھیں اگر نالائقی کی وجہ سے نوازشریف کو نقصان ہوا تو اس کو قتل سمجھا جائیگا، اس میں عمران خان اور اس کے ساتھی ملوث سمجھیں جائیں گے اور وہ اس سے بچ نہیں سکیں گے۔

انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، سب صحتیابی کی دعا کریں، لاہور کی سروسز اور جناح ہسپتال میں امراض قلب کا شعبہ ہی نہیں ہے۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ نوازشریف کو پنجاب کارڈیالوجی یا این آئی سی وی ڈی میں علاج کی اجازت نہیں دی جارہی، نوازشریف کو جیل سے نکال ہی نہیں رہے۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم پورے ملک کا ہوتا ہے، صرف پارٹی کا نہیں ہوتا، عمران خان نے خود کو ابھی تک وزیراعظم نہیں سمجھا، وہ اب تک کنٹینر کی سیاست کررہے ہیں، عمران خان کی سیاست گالم گلوچ اور کنٹینر کی سیاست ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ہم سیاست میں ذاتیات سے ہٹ کر بات کرتے ہیں، ہماری سیاست گالم گلوچ کی نہیں، ہم نے بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں اور کبھی بھی اقتدار کی بات نہیں کی بلکہ عوام کی بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوشخص یوٹرن کا ماسٹر ہے اس کی سیاست پر بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، وزیراعظم ریاست کا ہوتا ہے، جو وزیراعظم بد زبانی اور بے حیائی کی سیاست لے آئے اس آدمی پر کیا تبصرہ کریں، قوم کو چاہیے کہ دیکھے عمران خان کس قسم کی سیاست کرتے ہیں۔سابق اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان پر بہت ساری باتیں ہو سکتی ہیں لیکن ہم وہ ملحوظ خاطر نہیں لاتے کیوں کہ وہ ذاتیات کی باتیں ہیں ۔خورشید شاہ نے کہا کہ بدقسمتی سے عمران خان کو کنٹینر پر چڑھایا گیا اور وہ اب تک کنٹینر سے اترنے کو تیار نہیں ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں انگریزی میں تقریر اور اس پر وزیراعظم عمران خان کی تنقید پر خورشید شاہ نے کہا کہ قائد اعظم انگریزی میں تقریر کرتے تھے اور قوم قائد اعظم کے ہر ایک لفظ کو سمجھتی تھی۔نواز بلاول ملاقات کے پر تبصرہ کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو سیاست دان ہیں، مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی شروع سے ہی بڑی سیاسی پارٹیاں ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close