Featuredاسلام آباد

نواز شریف جس ہسپتال سے علاج کرانا چاہتے ہیں کرالیں، باہر سے بھی ڈاکٹرز منگوا سکتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف جس ہسپتال سے علاج کرانا چاہتے ہیں کرالیں، باہر سے بھی ڈاکٹرز منگوا سکتے ہیں، نواز شریف پر اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں تو نیب میں پلی بارگین میں اپیل کریں، اندرونی معاملات میں ہمارے اختلافات ہوسکتے ہیں ، قومی سلامتی کے معاملے پر ہم سب متحد ہیں۔ ایک انٹرویومیں نہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کا معاملہ شروع دن ہی سے سنجیدگی سے دیکھا جا رہا تھا اور ہم شروع دن ہی سے یہ کہہ رہے تھے کہ اگر وہ بیمار ہیں تو وہ جس ہسپتال سے بھی علاج کرانا چاہتے ہیں کرا لیں اور اگر اپنے علاج کیلئے وہ باہر سے بھی کوئی ڈاکٹر منگوانا چاہتے ہیں تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں۔

وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تو اس بات پر زور دیا کہ نواز شریف کو اپنا علاج ضرور کرانا چاہیے اور ان کی جو بھی بیماری ہے اس کے علاج کے لیے اگر انہیں باہر سے بھی کوئی ڈاکٹر منگوانا ہے تو اس میں بھی کوئی حرج نہیں اور انہیں جس علاج کی ضرورت ہے وہ انہیں ضرور ملنا چاہیے، اس بات پر تو کوئی سیاست نہیں اور نہ ہی ہمیں کوئی مسئلہ ہے انہیں بہترین علاج ضرور ملنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے علاج کے حوالے سے نوٹس لینے کا کام وزیراعظم عمران خان کا تو نہیں تھا انہوں نے تو میڈیا پر بار بار یہ بات آنے پر نوٹس لیا، اصولی طور پر تو نواز شریف نیب کی حراست میں ہیں اور عدالت نے طبی بنیادوں پر ان کی ضمانت مسترد کی ہے اس لیے جیل حکام جانے یا عدلیہ جانے حکومت کا اس معاملے سے کوئی زیادہ تعلق نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ نواز شریف پر اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں اور اگر وہ ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں تو نیب میں پلی بارگین کا قانون بھی موجود ہے انہیں چاہئے کہ وہ پلی بارگین میں اپیل کریں، نواز شریف پر کرپشن کے جو کیسز ہیں وہ قومی دولت ہے کسی کا ذاتی پیسہ تو ہے نہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم تو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف کو اللہ تعالیٰ نے وسائل دئیے ہیں وہ چاہیں تو اپنے علاج کے لیے باہر سے بھی ڈاکٹر منگوا سکتے ہیں، ملک سے ان کا باہر جانا اس لیے بھی مشکل ہو گا کیونکہ اسحاق ڈار، حسن اور حسین نواز بھی کرپشن کے کیسز میں مطلوب ہیں جو وطن واپس نہیں آئے اس لیے عدالت کے احکامات کے بغیر حکومت ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکال سکتی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف کے بہترین علاج کی ہدایت کی ہے اور ان کی اس بات کے بعد اب کوئی گنجائش نہیں رہ جاتی، نواز شریف ملک میں جس ہسپتال سے چاہیں علاج کروا سکتے ہیں۔ ایک سوال پر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اندرونی معاملات میں ہمارے اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن قومی سلامتی کے معاملے پر ہم سب متحد ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close