Featuredاسلام آباد

بھارت ناکامیاں چھپانے کیلئے عالمی برادری اور بھارتی عوام کو مسلسل گمراہ کررہا ہے، پاکستان

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اور میڈیا ناکامیاں چھپانے اور سیاسی مقاصد کیلئے عالمی برادری اور بھارتی عوام کو مسلسل گمراہ کررہا ہے،بھارت کی پاکستانی فضائی حدود کی دوسری مرتبہ خلاف ورزی کے بعد 28 فروری کو ڈوزیئر موصول ہوا ‘ ڈوزیئر کا مشاہدہ کیا جارہا ہے اور جلد ہی آگاہ کیا جائیگا،بالاکوٹ میں بھارتی ایئر فورس کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی اقوام متحدہ کے قراردادوں اور عالمی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہے،نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں 2014ء سے جاری ہیں‘ حالیہ کارروائیوں کو پلوامہ سے جوڑنا بھارتی پروپیگنڈا کا حصہ ہے۔

میڈیا کو جاری بیان کے مطابق ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا سنجیدہ اور ذمہ داری سے جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پلوامہ واقع سے متعلق بے بنیاد بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کرتا ہے‘ پلوامہ حملہ کی وجوہات مقامی ہیں جو لائن آف کنٹرول سے میلوں دور ہیں‘ پلوامہ حملے میں مقامی بارود اور گاڑی کا استعمال کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ اس کے باوجود وزیراعظم پاکستان نے بھارت کو تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی اور بھارت سے قابل عمل شواہد مانگے‘بھارت کی پاکستانی فضائی حدود کی دوسری مرتبہ خلاف ورزی کے بعد 28 فروری کو ڈوزیئر موصول ہوا ‘ ڈوزیئر کا مشاہدہ کیا جارہا ہے اور جلد ہی آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بالاکوٹ میں بھارتی ایئر فورس کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی اقوام متحدہ کے قراردادوں اور عالمی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 فروری کو بھارتی فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی‘ پاکستان نے اپنے دفاع کے حق کو استعمال کرتے ہوئے دونوں بھارتی طیاروں کو مار گرایا‘ کارراوئی میں نان سویلین اہداف کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان یا انفراسٹرکچر کو نقصان نہیں پہنچا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے پاکستانی ایف 16 طیارے کو مار گرانے کی خبریں سراسر بے بنیاد ہیں‘ بھارت نے اپنی عوام کو مطمئن کرنے کیلئے بے بنیاد خبریں بنائیں۔

ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیرسگالی و امن کے تحت واپس کیا‘بھارت کے علاوہ دنیا بھر نے پائلٹ کی رہائی کے پاکستانی اقدام کو سراہا اور اس کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بین الاقوامی برادری پر زور دیتی ہے کہ وہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے ظلم وستم کو رکوائے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا‘مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل نکالا جائے۔ دہشت گردی کے حوالے سے بھارتی الزام کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پوری دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو تسلیم کرتی ہے‘ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں 2014ء سے جاری ہیں‘ حالیہ کارروائیوں کو پلوامہ سے جوڑنا بھارتی پروپیگنڈا کا حصہ ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close