نیویارک: امریکی اخباردی کرسچن سائنس مانیٹر نے 2019 میں امن کے نوبل انعام کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو بھی دیگر امیدواروں کے ساتھ امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا گیاہے۔
اخبار کے مطابق امن کے لیے عمران خان کی قیادت حیران کن ہے لہٰذا عمران خان کو پُرامن قیادت کے لیے امن کے نوبل انعام کے لیے فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اخبار میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بھارت کو پلوامہ حملے کی تفتیش میں ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی۔
فہرست میں وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ جنوبی کوریا کے صدر مون جائی ان، ایتھوپیا کے وزیر اعظم ایبے احمد اور وینزویلا کے قائد حزب اختلاف جان گائیڈو کانام بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ میں کشمیری نوجوان کی جانب سے بھارتی فوجیوں کے قافلے کو نشانہ بنانے کے بعد پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا نوبت جنگ تک آپہنچی تھی، تاہم عمران خان کی امن کی کوششوں کے باعث جنگ کا خطرہ ٹل گیا اور دنیا بھر میں عمران خان کی امن کے لیے کی گئی کوشش کو بے حد سراہاگیا تھا۔