لاہور: نیوزی لینڈ میں ہونیوالی دہشتگردی کے واقعہ کیخلاف پنجاب اسمبلی میں 2 مذمتی قرار دادیں جمع کروا دی گئیں۔ ایک قرارداد پاکستان تحریک انصاف کے رکن ملک تیمور جبکہ دوسری مسلم لیگ (ن) کی رکن عظمیٰ زاہد بخاری کی جانب سے جمع کروائی گئی۔ قراردادوں میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے واقعہ سے پوری دنیا کے مسلمان سخت غمگین ہیں، واقعہ بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور عدم برداشت کی بھیانک مثال ہے۔
قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ایوان نیوزی لینڈ کی 2 مساجد پر دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، سفاک قاتلوں نے انتہائی درندگی سے نمازیوں کو شہید کیا، مغربی طاقتیں مسلمانوں کیخلاف زہر قاتل بن چکی ہیں، اسلامو فوبیا کے تدارک کیلئے تمام مسلم ممالک کو مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا۔