این آر او اپوزیشن کو بلیک میل کرنیکے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، مریم اورنگزیب
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان اب این آر او کی جھوٹی رٹ لگا کر عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ وزیراعظم عمران خان کی سینئر صحافیوں سے ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ وزیراعظم کے بیان کے ردعمل میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان اب این آر او کی جھوٹی رٹ لگاکر عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، عمران صاحب آپ نیب اور این آر او کی رٹ لگا کراپنی نااہلی چھپانے کے لئے اپوزیشن کو بلیک میل کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا بیان عدالت پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے، عمران خان 5 سال سے نواز شریف اور شہباز شریف کے نام پر سیاست کر رہے ہیں اور ان پر اب بھی نواز شریف اور شہباز شریف کا خوف طاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو اپنی نااہلی کی وجہ سے اپوزیشن کو کنٹینر دینا چاہتے ہیں، لیکن ہم انہیں سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے اور جلد وہ خود کنٹینر پر ہوں گے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نہیں بلکہ حکومت کی دشمن پالیسیوں اور نالائقی کی وجہ سے عوام رو رہے ہیں اور اپوزیشن عمران خان کی نالائقی اور عوام دشمن ذہنیت کے خلاف اکٹھی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کو بتائیں کہ 6 ماہ میں ہم نے 3000 ارب قرض لے کر ریکارڈ قائم کردیا ہے اور جی ڈی پی 5.8 فیصد سے کم ہوکر 3 فیصد کے قریب آگیا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں لوگ بیروزگار ہو چکے ہیں۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ نوازشریف کو علاج سے متعلق حکومت مکمل سہولیات دے رہی ہے، وہ ملک کے اندر جہاں چاہیں علاج کراسکتے ہیں، نواز شریف کو علاج کے لئے باہر بھیجنے سے متعلق کیا قانون بدل دیں؟ کیا ڈیڑھ لاکھ قیدیوں کو بھی باہر علاج کی سہولت فراہم کریں؟۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی قانون نہیں ہے، یہ بلیک میلنگ ہے، این آر او لینے کے لیے مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، کوئی بلیک میلنگ نہیں چلے گی اور نہ ہی کوئی این آر او ملے گا۔