راولپنڈی: ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کے لیے اپنی ہر صلاحیت کا مرضی کے مطابق استعمال کرنے کا حق رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاک فوج کی جانب سے ایف 16 طیارے کے استعمال پر ترجمان پاک فوج آصف غفور نے کہا کہ 27 فروری کا واقعہ اب تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جب 2 بھارتی طیاروں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی تو انہیں پاک فضائیہ نے نشانہ بنایا، ان دو بھارتی طیاروں کو ایف سولہ نے نشانہ بنایا یا جے ایف 17 نے، یہ سوال بے معنی ہے، پاک فضائیہ نے دونوں طیاروں کو اپنے دفاع میں مار گرایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جب بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں آئے تو فضائیہ کے جہاز بشمول ایف 16 فضا میں موجود تھے، بھارت اپنی خواہش کے مطابق ایف 16 یا کوئی بھی جہاز چُن لے اس سے نتیجے پر فرق نہیں پڑتا، اگر ایف 16 استعمال ہوا تب بھی دو بھارتی طیارے ہی نشانہ بنے، پاکستان اپنے دفاع کے لیے اپنی ہر صلاحیت کا مرضی کے مطابق استعمال کرنے کا حق رکھتا ہے۔