کپتان کو گھر جانا ہی پڑے گا: آصف زرداری کی تنبیہ
اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ کپتان کو جانا پڑے گا اور اگر ہم نے ایسا نہ کیا تو کوئی اور فورس یہ کام کرے گی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زرداری ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کی طرح مولانافضل الرحمان کی نوازشیں رہتی ہیں، یہ معلوم نہیں کہ وہ میرے بزرگ ہیں یا میں بزرگ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو پیچھے نہیں کیا تو نقصان کی تلافی نہیں ہو سکے گی اور ہم نے ایسا نہیں کیا تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ کپتان کو واپس گھر جانا ہوگا، اگر ہم نے ایسا نہ کیا تو کوئی اور فورس یہ کام کرے گی۔
حکومت کو وقت دینے سے متعلق سوال کے جواب میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہر چیز کا موسم ہوتا ہے، محرم اور رمضان کے بعد ہی کچھ ہو سکے گا۔
سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سے ملاقات معمول کا حصہ ہے اور ہم کوئی سرپرائز دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب سے بھی ملا تھا، وہاں بھی باتیں ہوئیں تھیں، ملک کے مختلف ایشوز پر بات ہوئی جن پر ہماری ہم آہنگی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جعلی حکمرانوں سے قوم کو نجات دلانے کے لیے اکٹھے ہیں، آئندہ بھی ملاقاتیں ہوں گی اور سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے بھی ملاقات کی تھی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی تھی۔